اولڈہم(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے شہر اولڈہم کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب کونسل کی سربراہ اروُج شاہ نے اچانک اپنی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
مقامی کونسل انتخابات میں لیبر جماعت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی۔ ذرائع کے مطابق لیبر جماعت اپنی مضبوط سمجھی جانے والی بارہ میں سے نو نشستیں ہار گئی، جبکہ ریفارم جماعت نے غیر متوقع کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیرہ نشستیں اپنے نام کر لیں۔
انتخابی نتائج نے اولڈہم کی سیاسی فضا کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔
اروُج شاہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بعض جماعتوں پر “زہریلی اور تقسیم پیدا کرنے والی سیاست” کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیبر جماعت ایسی قوتوں کے ساتھ کسی قسم کا اتحاد نہیں کرے گی جو نفرت اور شناخت کی بنیاد پر سیاست کو فروغ دے رہی ہیں۔
برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات: لیبر پارٹی کو بڑا دھچکا، ریفارم یو کے کی غیرمعمولی پیش رفت
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اولڈہم میں اقتدار کی کشمکش مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جبکہ عوامی حلقوں میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ شہر کی قیادت اب کس کے ہاتھ میں جائے گی۔
دوسری جانب اروُج شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاست بے رحم ہو سکتی ہے، تاہم وہ نئی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔











