جمعرات,  23 اپریل 2026ء
لاہور میں قتل کی لرزہ خیز واردات، گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد
لاہور میں قتل کی لرزہ خیز واردات، گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے اچھرہ میں گھر سے تین بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ میں دو بچیوں اور بچے کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے جن کی شناخت پانچ سالہ مومنہ بتول، چار سال کا مومن رضا اور ڈیڑھ سال کی ام حبیبہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر ماں ردا، باپ رمضان اور چچا کو حراست میں لے لیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہیں کون کس وقت گھر سے نکلا اور واپس آیا تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق بچوں کا چچا والدہ کے جانے کے بعد گھر سے نکلا پھر کچھ دیر بعد والدہ واپس آئی، زیر حراست افراد کے بیانات میں تضاد پایا گیا ہے جلد حقائق سامنے لائیں گے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بچوں کی والدہ اور ساس کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی، والدہ سے تکرار پر چچا گھر آیا اور اس کی بھی بھابھی سے تلخ کلامی ہوئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر میں ہونے والی بحث و تکرار بچوں کے قتل کی وجہ ہوسکتی ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی چھری بچوں کی والدہ نے گزشتہ روز ہی خریدی تھی۔

پولیس نے کہا ہے کہ تہرے قتل کی تحقیقات میں شک کا دائرہ چچا کی جانب ہے۔

مزید خبریں