اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں ایک کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 153.80 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چکلالہ گیریژن راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں امریکہ بھیجے جانے والے پارسل سے انٹرنیٹ ڈیوائسز میں چھپائی گئی 556 گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ایک اور کارروائی میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 248 گرام حشیش آئل سے بھرے 10 ویپ قبضے میں لیے گئے۔
پشاور رنگ روڈ کے کوریئر آفس میں پارسل سے جوسر مشین اور سولر انورٹر میں چھپائی گئی 2.4 کلو افیون، 8.3 کلو چرس اور 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، تین ملزمان گرفتار
سمبڑیال، ضلع سیالکوٹ میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 9.6 کلو افیون، 7.2 کلو چرس، 2 کلو آئس اور ایک کلو ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ سیالکوٹ بس ٹرمینل کے قریب ایک اور کارروائی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ضلع خیبر کے علاقے شاکس میں ایک گاڑی سے 108 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ حاجی کیمپ پشاور کے قریب ایک لاوارث بیگ سے 2 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔
اے این ایف نے تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔











