اتوار,  29 مارچ 2026ء
ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔

گزشتہ روز لودھراں،جھنگ ، موسیٰ خیل، پشاور، با جوڑ، ملاکنڈ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،  شدید بارش سے موسم سرد اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ پرگزشتہ رات سےبرف باری اور چلاس شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید براں لاہور میں بھی مسلسل 6 گھنٹے بارش ریکارڈ کی گئی، جس پرصوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے ایم ڈی واسا کو  بروقت نکاسی آب کی ہدایت کی ہے۔

بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی

اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے، زیر تعمیر سائٹس کے گرد حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وریشمی کلہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ادھر این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جس کیلئے تمام صوبائی اور ضلعی ادارے الرٹ رہیں۔

مزید خبریں