جمعه,  27 مارچ 2026ء
ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے اکاؤنٹس سے لاکھوں ڈالرز اور درہم بیرون ملک منتقلی سے متعلق سنسنی خیز انکشافات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے اکاؤنٹس سے لاکھوں ڈالرز اور درہم بیرون ملک منتقلی سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم دستاویزات حاصل کر لیں۔

جن کے مطابق ملزمہ نے اپنی والدہ سابق ایم این اے نسیم چوہدری اور بھائی حمزہ علی عباسی کے ساتھ مل کر لاکھوں ڈالرز اور درہم بیرونِ ملک منتقل کیے۔

دستاویزات سے پتہ چلا ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اپنی والدہ اور بھائی حمزہ علی عباسی کے ساتھ متعدد جوائنٹ اکاؤنٹس کھلوا رکھے تھے، جن کے ذریعے لاکھوں ڈالرز کی غیر قانونی منتقلی کی گئی۔ حیرت انگیز طور پر 13 لاکھ ڈالرز سے زائد کی رقم باہر بھیجی گئی لیکن ایف بی آر کو اس کی کانوں کان خبر نہ ہوئی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے صرف 3 بینک اکاؤنٹس ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیے تھے، جن میں بھی سنگین بے ضابطگیاں پائی گئیں۔

ویسٹ یارکشائر پولیس کا منی لانڈرنگ کیخلاف آپریشن، 2.7 ملین پاؤنڈ کے غیرقانونی اثاثے ضبط

ملزمہ نے 2 لاکھ ڈالرز کی جو رسیدیں پیش کیں، وہ ان کے ڈرائیور اور دوستوں کے نام پر تھیں، جنہیں ایف آئی اے نے مسترد کر دیا ہے۔

تحقیقات کے دوران کئی کاروباری کمپنیوں کے نام بھی سامنے آئے، تاہم ٹیکس ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ ان کمپنیوں کا ڈاکٹر فضیلہ کی ظاہر کردہ آمدن سے کوئی تعلق نہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ لاکھوں ڈالرز کی تفصیلات یا دستاویزی ثبوت فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں۔ ٹیکس گوشواروں میں ان رقوم کو ظاہر نہ کرنے کی وجہ سے ان کے موقف کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں