اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ڈاکٹر علی لاریجانی آپکے فرزند اور محافظین کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علی لاریجانی کی شہادت امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم نقصان ہے، آپ ایک مدبر، باصلاحیت سیاستدان اور بااعتماد رہنما ومبارز تھے جو اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹجک سمت، قومی سلامتی اور خطے کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے، جس سے وقت کے فرعون شدید ذہنی اذیت میں مبتلا تھے، صہیونی جارحیت کے نتیجے میں ان کی اپنے بیٹے اور محافظین سمیت شہادت ایک سنگین سانحہ ہے، جو نہ صرف ایران بلکہ تمام حریت پسند قوتوں کے لیے باعثِ صدمہ ہے۔ علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سمیت ایرانی قیادت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جاتا بلکہ یہ مزاحمت اور حق کی جدوجہد کو مزید مضبوط بناتا ہے۔انہوں نے اس امر کو بھی یاد کیا کہ اپنی شہادت سے قبل ڈاکٹر علی لاریجانی نے عالمِ اسلام کو اتحاد کا پیغام دیا تھا اور امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے کی اپیل کی تھی، جو آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے ایک اہم رہنمائی ہے، علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ یہ قربانیاں دراصل قبلۂ اول کی آزادی اور ظلم کے خلاف عالمی مزاحمت کی ایک بڑی کڑی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و بصیرت نصیب فرمائے۔











