تہران(روشن پاکستان نیوز) ایرانی حملے میں اپنی ہلاکت کی خبروں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے زندہ ہونےکا ثبوت دینے کے لیے ویڈیو بنانا پڑگئی۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایک کیفے سے کافی لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
عبرانی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے نیتن یاہو نے اپنے مرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں کافی پر مرگیا ہوں’۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ اس وقت حالات کا سامنا کر رہے ہیں اس پر مجھے فخر ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے ویڈیو میں اپنے دونوں ہاتھ بھی اٹھا کر دکھائے تاکہ واضح کریں کہ ان کی کُل دس انگلیاں ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوجعلی ہے جس میں ان کے ایک ہاتھ کی 6 انگلیاں دکھائی گئی تھیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خارگ جزیرے پر حملےکا اشارہ دیدیا
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی شہری تازہ ہوا کے لیےگھروں سے باہر نکل سکتے ہیں تاہم انہیں پناہ گاہوں کے قریب رہنا چاہیے۔
خیال رہےکہ سوشل میڈیا پر مختلف پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے میزائل حملوں میں اسرائیلی وزیراعظم ہلاک ہوگئے ہیں تاہم بعد ازاں اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے قتل کی خبر کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو خیریت سے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ڈھونڈ کر قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ اگر نیتن یاہو اب تک زندہ ہے تو اس کا تعاقب کریں گے، صیہونیوں کے قدم اکھڑ رہے ہیں، اسرائیل میں نہ رکنے والی ایمبولینس کی آوازیں ہماری کامیابی کی عکاس ہیں۔











