راولپنڈی،موسمِ بہار کی آمد آمد ملیہ پارک میں خوبصورت پھولوں کے دلکش مناظر

راولپنڈی(عرفان حیدر) موسمِ بہار کی آمد شہرکے معروف تفریحی مقام ملیہ پارک کو مزید خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر پارک میں سجاوٹ، تزئین و آرائش اور رنگ برنگے پھول پودوں کی نگہداشت کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت بنانے کے سلسلے میں کام جاری ہے۔

ملیہ پارک میں خوبصورت پھولوں اور پودوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جا رہی ہے،سجاوٹ سے حسین مناظر پیش ہو رہے ہیں، موسم کی تبدیلی کے پیش نظر پودوں اور پھولوں کو نقصان سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،تاکہ ان کی افزائش بہتر انداز میں جاری رہے۔ پارک میں لگائے گئے رنگ برنگے پھول اور سرسبز پودے بہار کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ خوشنما اور سجی ہوئی فضا شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو بہترین تفریحی، جمالیاتی اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ ملیہ پارک میں باغبانی اور دیکھ بھال کے امور سرانجام دے رہا ہے جس کے باعث پارک کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی شہر کے دیگر پارکس میں اسی طرح کے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں