اسلام آباد: حلقہ پٹواری روات کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(راجہ اسرار حسین) اسلام آباد سول جج فرسٹ کلاس ایسٹ عنبرین اقبال چوہدری کی عدالت نے موضع راوت کے حلقہ پٹواری ملک بابر کی مسلسل عدم پیشی پر 50 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق 3 مارچ 2026 کو ہونے والی سماعت کے دوران ڈگری ہولڈر مبشر صدیق کی جانب سے وکیل مجيب الرحمن کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ حلقہ پٹواری قبضہ مافیا روات کا کار خاص ہے عدالت میں زیر سماعت کیس کے باوجود حمیدہ یاسمین اور صغریٰ کی جائیداد فروخت کی جبکہ حمیدہ یاسمین نے جھوٹا دعویٰ دائر کیا ہے کہ اس کے والد ولائت خان نے 32 کنال ہبہ کیا ہے جبکہ 284 کنال زمین کی بابت دعویٰ میں نہ لکھا ہے جب عدالت کی توجہ حقائق کی طرف دلائی تو عدالت نے پٹواری کو بمعہ ریکارڈ طلب کر لیا تاکہ میرٹ پر فیصلہ ہو سکے۔مقدمہ حلقہ پٹواری ملک بابر موضع راوت اسلام آباد کی پیشی کے لیے مقرر تھا۔

عدالت کو عملہ تعمیل (پراسس سرور) کی رپورٹ موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ متعلقہ حلقہ پٹواری ملک بابر کو سمن موصول ہو چکا تھا تاہم دو مرتبہ نوٹس کی تعمیل کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہوا۔عدالت نے عدم پیشی کا نوٹس لیتے ہوئے حلقہ پٹواری ملک بابر موضع راوت کے خلاف 50 ہزار روپے مالیت کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے مزید کارروائی کے لیے مقدمے کی سماعت 26 مارچ 2026 تک ملتوی کر دی ہے جس روز حلقہ پٹواری کی پیشی اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

مزید خبریں