جمعرات,  05 مارچ 2026ء
سیشن کورٹ حافظ آباد میں جدید ای لائبریری قائم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد محمود بھٹی نے افتتاح کردیا

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)چیف جسٹس آف پاکستان اور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی ہدایات پر سیشن کورٹ حافظ آباد میں جدید ای لائبریری قائم کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد محمود بھٹی نے ای لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اٹارنی، سول ججز اور وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد محمود بھٹی کا کہنا تھا کہ ای لائبریری کے قیام کا مقصد وکلا اور سائلین کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے اہم فیصلوں اور قانونی مواد تک فوری اور آسان رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے وکلا کو قانونی تحقیق میں مدد ملے گی اور عدالتی امور کی انجام دہی مزید مؤثر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عدالتی عملے خصوصاً خواتین ملازمین کی سہولت کے پیش نظر عدالت میں ایک خصوصی کمرہ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں خواتین ملازمین اپنے بچوں کی نگہداشت کا عمل بھی اپنی ملازمت کے ساتھ جاری رکھ سکیں گی۔

وکلا نے ای لائبریری کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے قانونی تحقیق اور عدالتی فیصلوں تک رسائی کا عمل پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گا۔

مزید خبریں