لاہور (روشن پاکستان نیوز) ڈرگ کنٹرول بورڈ نے 5 ادویات سے متعلق الرٹ جاری کردیا، جس میں ملٹی وٹامن ، معروف کھانسی کا سیرپ اور درد کا انجیکشن شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ کنٹرول بورڈ نے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے بعد 5 مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کو جعلی اور غیر معیاری قرار دیتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈرگ کنٹرول بورڈ نے بتایا کہ ٹیسٹنگ کے دوران ہڈیوں اور کیلشیم کے لیے استعمال ہونے والی اسلام آباد کی ایک کمپنی کی مخصوص ملٹی وٹامن جعلی پائی گئی ہے۔
کراچی میں تیار کردہ ایک معروف کھانسی کا سیرپ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ نکلا جبکہ لاہور میں تیار ہونے والے درد کے ایک مخصوص انجکشن میں خطرناک ذرات پائے گئے ہیں جو انسانی جان کے لیے مہلک ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد: صحت کے شعبے میں اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون پر اہم ملاقات
لاہور اور کراچی کی کمپنیوں کے تیار کردہ جانوروں کے دو انجکشنز بھی غیر معیاری نکلے، جن میں اصل اجزاء کی مقدار معیار کے مطابق نہیں تھی۔
ڈرگ کنٹرول بورڈ کے مراسلے کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے فوری طور پر ان تمام ادویات کے متاثرہ بیچز کو میڈیکل اسٹورز سے واپس منگوانے (Recall) کا حکم دے دیا ہے۔
حکام نے وارننگ دی ہے کہ ان ادویات کی فروخت جاری رکھنے والے اسٹورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ادویات خریدتے وقت بیچ نمبر چیک کریں اور صرف مستند فارمیسیوں سے ادویات حاصل کریں۔











