جمعه,  20 فروری 2026ء
آسٹریلیا کی سب سے بڑی مسجد کو رمضان میں دھمکی آمیز خط موصول

سڈنی(روشن پاکستان نیوز) آسٹریلیا کی سب سے بڑی مسجد کو ماہِ رمضان میں دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو سڈنی کے مغرب میں لکیمبا مسجد کو بھیجے گئے خط میں مسلمانوں کو مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ خط موصول ہونے سے چند ہفتے پہلے مسجد کو بذریعہ ای میل ایک تصویر بھیجی گئی تھی جس میں مسجد کو جلتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے مسجد کے عملے کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں ایک 70 سالہ شخص کو گرفتار کر کے اس پر فردِ جرم بھی عائد کی ہے۔

پارلیمنٹ کا غیر آئینی محاصرہ جمہوریت پر حملہ ہے، مجلسِ وحدتِ مسلمین کی حکومت کے خلاف شدید مذمت

حالیہ دھمکی آمیز خط موصول ہونے پر پولیس نے کہا ہے کہ خط کو فرانزک ٹیسٹنگ کے لیے بھیجا گیا ہے اور مسجد سمیت تمام مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ اجتماعی تقریبات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد کو چلانے والی لبنانی مسلم ایسوسی ایشن نے  آسٹریلوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مسجد کی سیکیورٹی کے لیے اضافی گارڈز کی تعیناتی اور سی سی ٹی وی کیمرے لگوانے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں۔

آسٹریلوی بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق لکیمبا کے مضافاتی علاقے میں 60 فیصد سے زیادہ مسلمان باشندے رہائش پزیر ہیں اور ماہِ رمضان کے دوران ہر رات تقریباً 5 ہزار لوگوں کی مسجد میں آمد متوقع ہے۔

کینٹربری بینک ٹاؤن کونسل کے میئر بلال ال ہائیک کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد مسلم کمیونٹی بہت پریشان ہے۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانی نے بھی حالیہ دھمکیوں کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق 2023ء کے آخر میں شروع ہونے والی غزہ جنگ کے بعد سے آسٹریلیا میں مسلمان مخالف جذبات بڑھ رہے ہیں۔

مزید خبریں