اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) برائے مالی سال 2026-27 کے بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سحر کامران نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کی فوری تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام بورڈز کی جلد تکمیل اور خالی آسامیوں کو پُر کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دوہری ذمہ داریوں اور عارضی تقرریوں کے باعث اداروں کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جس کا فوری تدارک ضروری ہے۔
رمضان کا مہینہ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر بوجھ مزید بڑھا دے گا، سحر کامران
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی وی کے تمام واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں مالی خسارے سے بچنے کے لیے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن اور وزارتِ اطلاعات ایک پائیدار اور قابلِ عمل کاروباری ماڈل پیش کریں۔
سحر کامران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اداروں کی بہتری، شفافیت اور مالی استحکام کے لیے پارلیمانی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔











