اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حج 2026ء پر جانے والوں کو بائیو میٹرک کیلئے وزارت مذہبی امور نے ڈیڈ لائن دے دی۔
وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا پراسیسنگ کیلئے بائیو میٹرک کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کریں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق عازمین حج بائیو میٹرک کیلئے اپنے متعلقہ بینکوں سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں، جو عازمین جدید سعودی ویزا بائیو ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان افراد کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ عازمین حج کیلئے اولین ترجیح سعودی ویزا بائیو ایپ کا استعمال ہونا چاہیے، جو موبائل پلے اسٹور سے با آسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
پرائیویٹ حج عازمین کیلئے خوشخبری، اس سال کوئی بھی حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا
اس ایپ پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کریں، پاسپورٹ اسکین، سیلفی اور دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں، جس کے بعد آپ کو ایک کنفرمیشن ای میل آئے گی، جسے عازمین حج اپنے باقی پراسیس کے لیے محفوظ کر لیں۔
ایپ استعمال کرنے میں مشکلات پیش آنے پر اپنے متعلقہ بینک کی برانچ سے بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے۔ اگر عازمین کو ایپ کے ذریعے تصدیق نہ ہو سکے تو وہ ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
ان سینٹرز میں اسلام آباد میں عوامی ٹریڈ سینٹر، تیسری منزل، سیکٹر جی نائن، لاہور میں دی انٹرپرائز بلڈنگ، 1 کلومیٹر ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، کراچی میں بلاک اے، گراؤنڈ فلور، ایف ٹی سی بلڈنگ، شاہراہ فیصل، پشاور میں تیسری منزل، الحاج ٹاور، مین یونیورسٹی روڈ، ملتان میں دوسری منزل، کرسٹل مال، نزد عثمان آباد کالونی، بوسن روڈ، کوئٹہ میں میمار پلازہ، خوجک روڈ، کوئٹہ کینٹ شامل ہیں۔
ان سینٹرز کے اوقات پیر تا جمعہ دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے تک ہیں۔ عازمین آج آخری تاریخ 8 فروری سے قبل بائیو میٹرک لازمی کروا لیں۔











