جمعرات,  12 مارچ 2026ء
آسٹریلیا نے پاکستانی طلبہ کیلئے بڑا اعلان کردیا

سڈنی(روشن پاکستان نیوز) آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے مکمل فنڈڈ ماسٹرز اسکالرشپس کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت پاکستان میں تعلیم کے ذریعے  اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت پاکستانی شہریوں کو آسٹریلیا میں ماسٹرز سطح کی مکمل فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ اسکالرشپس 2027 میں شروع ہونے والے تعلیمی پروگرامز کے لیے دی جائیں گی۔

آسٹریلیا کی بین الاقوامی ترقیاتی معاونت کا مقصد پاکستان اور خطے کے لیے پرامن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طویل المدتی استعداد کار میں اضافہ، قیادت کی تربیت اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی روابط قائم کیے جاتے ہیں۔

آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے، قیادت کی صلاحیت اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ پروگرام میں خواتین، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔

پاکستان کے لیے ترجیحی شعبوں میں ماحولیاتی تبدیلی، خواتین اور بچیوں کا بااختیار بنانا، زراعت اور آبی وسائل کا تحفظ، انفراسٹرکچر اور جامع معاشی ترقی شامل ہیں۔ یہ شعبے آسٹریلیا اور پاکستان کی حکومتیں باہمی مشاورت سے طے کرتی ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں وائٹ واش کردیا

اسکالرشپس صرف ماسٹرز ڈگری پروگرامز کے لیے ہوں گی اور وہی امیدوار اہل ہوں گے جن کے پاس پہلے سے مساوی ڈگری موجود نہ ہو۔ درخواست دہندگان کا پاکستانی شہری ہونا، پاکستان میں مقیم ہونا، 16 سالہ تعلیم مکمل ہونا اور کم از کم 5 سال کا متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ ہونا لازمی ہے۔ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔

منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، واپسی کا ہوائی ٹکٹ، رہائشی اخراجات، ہیلتھ انشورنس، تعارفی تعلیمی پروگرام اور تحقیقی فیلڈ ورک الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔ اسکالرشپ مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کو کم از کم دو سال پاکستان واپس آ کر خدمات انجام دینا ہوں گی۔

2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہو چکا ہے جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ درخواستیں صرف OASIS آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔

آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس کو پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے بین الاقوامی تعلیم اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے والا ایک جامع پروگرام قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں