اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 175 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گیا ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے ملک کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے صارفین پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، جہاں آج بھی مٹی کا تیل گھریلو استعمال، روشنی اور کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
توانائی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، کیونکہ ڈیزل ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مالیاتی دباؤ کے باعث کیا جا رہا ہے۔











