جمعه,  30 جنوری 2026ء
اسرائیل ایران پر فوجی حملے کیلئے امریکا کو اکسا رہا ہے، ترکیہ

استبول(روشن پاکستان نیوز) ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک اس بات کا مشاہدہ کر رہا ہے کہ اسرائیل، ایران پر فوجی حملہ کرنے کے لیے امریکا کو اکسا رہا ہے، تاہم ترکیہ خطے میں کسی نئی جنگ یا عدم استحکام کے حق میں نہیں ہے۔

ترک وزیر خارجہ کے مطابق ایران میں امن اوراستحکام ترکیہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات تمام پڑوسی ممالک تک پھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے ایران میں حالیہ مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع قابل تشویش ہے اورتمام فریقین کو تحمل اورذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

پاکستان اور ترکیہ نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی

ترک وزیر خارجہ نے زور دیا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی لانے کیلئے ایران کے جوہری پروگرام پرمذاکرات کا دوبارہ آغاز ناگزیر ہے اور سفارتی راستہ ہی پائیدارحل فراہم کرسکتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکیہ ایران میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کی سخت مخالفت کرتا ہے اور خطے کے مسائل کو فوجی طاقت کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے امریکا اور ایران دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اورکشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

ترک وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا ایران پر حملہ نہیں کرے گا انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روزامریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اورایران کے حوالے سے امریکی حکام سے مزید رابطے بھی جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں