جمعرات,  29 جنوری 2026ء
موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار، فوج بھی ہماری ہے اور ملک بھی ہمارا، عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے, آصف بٹ

مانچسٹر (روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نارتھ ویسٹ برطانیہ کے سابق صدر آصف بٹ نے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور ملک میں جمہوریت کا قتل کیا گیا ہے۔

آصف بٹ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے اور اسے صرف 17 نشستوں کے ذریعے لایا گیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 8 فروری کو ووٹ کے تقدس کی پامالی کی مکمل انکوائری کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان چھینا گیا اور پارٹی پر متعدد پابندیاں عائد کی گئیں، لیکن عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا جسے تسلیم کرنا ضروری ہے۔

9 مئی کے واقعات کے حوالے سے آصف بٹ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ گناہگار ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے، لیکن اس کے لیے شفاف انکوائری ناگزیر ہے۔

آزادیٔ اظہار رائے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیکا (PECA) قانون کے ذریعے صحافیوں اور آزادانہ رائے رکھنے والے تجزیہ نگاروں پر قدغن لگائی جا رہی ہے، اور یہ عالمی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔

دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں کی فہرست وائرل، عمران خان پاکستان کے مشہور کھلاڑی قرار

سیاسی مذاکرات اور ‘ڈیل’ کے حوالے سے آصف بٹ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کسی بھی بیک ڈور ڈیل پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے سیاستدان مشکل وقت میں ڈیل کر کے ملک چھوڑ جاتے ہیں، لیکن  سابق وزیراعظم عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ وہ سیاسی لوگوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کے پاس حقیقی اختیارات نہیں ہیں۔

پاک فوج اور دیگر ریاستی اداروں کے بارے میں آصف بٹ نے کہا کہ “فوج بھی ہماری ہے اور ملک بھی ہمارا ہے۔” انہوں نے سرحدوں پر لڑنے والے سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ سیاسی مداخلت ختم کی جائے اور تمام ادارے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔

پارٹی کی قیادت اور اندرونی اختلافات کے حوالے سے آصف بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بڑی جماعت ہے اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سلمان اکرم راجہ پارٹی کا بیانیہ پہنچانے اور علیمہ خان ذاتی پیغامات کے لیے نامزد ہیں، اور صرف ان کی بات کو مستند تسلیم کیا جائے۔

انٹرویو کے اختتام پر آصف بٹ نے نعرہ “پاکستان زندہ باد” بلند کیا اور عزم کیا کہ ان کی جدوجہد پاکستان کی بقا، سلامتی اور حقیقی آزادی کے لیے جاری رہے گی۔

مزید خبریں