اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) برازیل میں ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دی گئی خاتون اچانک زندگی ہوگئی جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔
برازیل کے شہر ساؤ پالو میں فرنینڈا کرسٹینا پولی کارپو نامی خاتون ٹریفک حادثے کے بعد ناصرف موت کے چنگل سے زندہ واپس آئی بلکہ اب اسپتال میں زیر علاج ہے۔
خاتون کو موٹروے پر کار نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں خاتون سڑک پر گر کر بیہوش ہوگئی۔
سموایمبولینس سروس کا پیرا میڈیک اسٹاف جائے حادثہ پر پہنچا اور ابتدائی معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
خاتون کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد جسم کو چاندی کے ورق کے کمبل سے ڈھک دیا گیا تھا تاکہ انہیں مردہ خانے بھیجا جاسکے جب والدہ کو بیٹی کے انتقال کی خبر ملی تو انہیں گہرا صدمہ پہنچا۔
ماں کے لیے اپنی جوان بیٹی کو کھونے سے زیادہ تکلیف دہ اور کیا ہو سکتا لیکن قسمت کے کچھ اور منصوبے تھے۔ حادثے کے تھوڑی دیر بعد ایک اور پیرامیڈیک آ گیا، اس کا کام باڈی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں مدد کرنا تھا لیکن جب وہ فرنینڈا کے قریب پہنچا اور اس کا معائنہ کیا تو اسے معلوم ہوا کہ شدید چوٹوں کے باوجود اس کی سانس چل رہی تھی۔
ایک لمحہ ضائع کیے بغیر وہ فوراً اسے زندہ رکھنے کی کوشش کرنے لگا، فرنینڈاکو فوری طور پر قریبی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا۔
20 جنوری کی شام کو اسپتال نے ایک بلیٹن جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ فرنینڈا کی صحت میں اتنی بہتری آئی ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کی سانس لینے والی ٹیوب کو ہٹایا جا سکتا ہے۔
نیورو سرجری ٹیم نے اسے بحال کرنے کی کوشش کے لیے آہستہ آہستہ اس کی سکون آور ادویات کو کم کرنا شروع کر دیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فرنینڈا کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا وہ وینٹی لیٹر کے بغیر سانس لے سکتی ہیں یا نہیں۔ اس واقعے نے جہاں فرنینڈا کے خاندان کو نئی امید دلائی ہے وہیں اس نے طبی نظام کی سنگین غفلت کو بھی بے نقاب کیا ہے۔










