اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): کولمبس، اوہائیو (امریکہ) کی سٹی کونسل کے نو منتخب رکن اور برسہ فیملی کے ہونہار سپوت چوہدری عبداللہ عنصر برسہ کے اعزاز میں اسلام آباد کلب میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر سے سول سوسائٹی، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
استقبالیہ تقریب میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ملک ابرار احمد، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری افتخار کٹاریاں، مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندگان، گوجر برادری کی تنظیموں کے عہدیداران، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوجر یوتھ فورم پاکستان کے مرکزی چیئرمین چوہدری افتخار احمد برسہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کے خاندان کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ ان کا ایک فرد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ریاض میں UETAS کی تقریب، سفیرِ پاکستان احمد فاروق اور نامور شخصیت قاسم علی شاہ کی خصوصی شرکت
چوہدری عبداللہ عنصر برسہ نے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی، برسہ فیملی اور تقریب میں شریک تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ میں پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار پوری دیانت داری سے ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر میکائل انور عزیز، چوہدری جہانگیر، ڈاکٹر محمد امجد، انجینئر افتخار، چوہدری افتخار کٹاریاں، چوہدری طارق اور دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور چوہدری عبداللہ عنصر برسہ کی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا۔











