پیر,  29 دسمبر 2025ء
شعلے فلم کا حقیقت میں ری پلے، ’’ویرو‘‘ سے شادی کے لیے ’’بسنتی‘‘ ٹاور پر چڑھ گئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بھارتی فلم شعلے کا ری پلے حقیقت میں اس کے برعکس بسنتی اپنے ویرو کو اپنانے کے لیے ہائی وولٹیج ٹاور پر چڑھ گئی۔

بھارت کی شہر آفاق فلم شعلے جس نے بھی دیکھی ہوگی، اس کے ذہن پر ہوگا کہ فلم کا ہیرو ویرو (دھرمیندر) کیسے اپنی محبوبہ بسنتی (ہیما مالنی) سے شادی کے لیے کئی منزلہ ٹنکی پر چڑھ کر ہنگامہ کرتا ہے۔

شعلے فلم کا یہ منظر 50 سال بعد حقیقی زندگی میں ری پلے ہوا، مگر کچھ الٹ۔ یہاں ویرو کے بجائے بسنتی اپنا پیار ویرو سے شادی کے لیے بجلی کے ہائی وولٹیج تاروں کے ٹاور پر چڑھ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ میرٹھ میں پیش آیا جہاں بسنتی نامی ایک لڑکی اپنی محبت کو پانے کی لیے جان کی پروا کیے بغیر ہائی وولٹیج ٹاور پر چڑھ گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس جب وہاں پہنچی تو لڑکی کو وہاں سے اتارنے کی کوشش کی، تو اس نے ویرو سے بیاہ کی شرط عائد کی اور نہ ماننے پر اپنی زندگی ختم کرنے کی دھمکی دی۔

مزید پڑھیں: مئی میں پاک بھارت کشیدگی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ساکھ کو مضبوط کیا: عالمی جریدہ

کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود جب پولیس بسنتی کو اتارنے میں ناکام رہی تو تھک ہار کر اس کے محبوب ویرو کو وہاں لایا گیا، جس کے بعد پولیس اس دیوانی لڑکی کو وہاں سے اتارنے میں کامیاب ہوئی۔

علاقہ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ لڑکا اور لڑکی کی سوشل میڈیا کے ذریعہ دوستی ہوئی۔ وہ شادی کرنا چاہتے ہیں، لیکن دونوں کا تعلق مختلف برادری سے ہے، جو شادی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

شادی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہونے پر پولیس نے دونوں خاندانوں کو دورالہ تھانے میں طلب کیا ہے اور ان سے بات چیت کی جا رہی ہے جب کہ لڑکی کی کونسلنگ بھی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں