اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 ماہ سے پی ٹی آئی کے بانی سے کوئی ملاقات 2 فرشتوں کے بغیر نہیں ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے بانی کے ساتھ ایک فرشتہ موجود ہے اور ایک ہمارے ساتھ، وہ عہدیدار ہماری تمام گفتگو سنتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق وکیل اور موکل کے درمیان بات چیت میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتی، عدالت نے اس حوالے سے جیل حکام کو بلایا اور دو احکامات جاری کئے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالت نے حکم دیا کہ پی ٹی آئی بانی اور وکلا کی ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کوئی نہیں سنے گا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ وکلا کے ساتھ احترام سے پیش آئیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل حکام کا موقف ہے کہ ایک ہفتے میں صرف 2 ملاقاتیں ہو سکتی ہیں، تاہم عدالت نے جیل حکام کی اس رائے کو مسترد کر دیا، عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی سے پیر سے ہفتہ تک ملاقات کا حکم دیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ الیکشن کے دنوں میں ہم نے بہت نقصان اٹھایا، ہمارے کاغذات چھین لیے گئے، بہت سی اہم معلومات خان صاحب تک نہیں پہنچنے دی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ہم نے الیکشن کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین کیس دائر کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا، فل کورٹ بن جائے تو بہتر ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بعد کوئی فورم نہیں، پوری قوم کی امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ ہیں، ہمیں توقع ہے کہ سپریم کورٹ مینڈیٹ واپس لے گی۔