راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے ڈی/این ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اوپنرز کو محتاط آغاز ملا۔ سائم ایوب صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابراعظم 29 رنز بنانے کے بعد وانندو ہسارنگا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جب کہ وکٹ کیپر محمد رضوان صرف 5 رنز بناسکے۔
مزید پڑھیں: اسلامی یکجہتی کھیلوں میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا گیا
ابتدائی نقصان کے بعد مڈل آرڈر بلے باز آغا سلمان اور حسین طلعت نے شاندار شراکت قائم کی، دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 138 رنز جوڑے،آغا سلمان نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
حسین طلعت نے 63 گیندوں پر 62 رنز بنائے، اختتامی لمحات میں محمد نواز نے صرف 23 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 299 تک پہنچایا۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسیٹھا فرنینڈو اور مہیش تھیگشنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی رن ریٹ 5.98 رہی جبکہ آخری پانچ اوورز میں 53 رنز بنائے گئے۔











