اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پولیس نے پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ نسیم شاہ کے آبائی علاقے ثمر باغ، لوئر دیر میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کے گھر پر فائرنگ کی۔
واقعے میں گھر کا مرکزی دروازہ، کھڑکیاں اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ پیر کے روز ہوئی، جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
مزید پڑھیں: لوگ اسٹیج فنکاروں کے پیچھے چھپی مجبوریوں اور دکھوں سے بےخبر رہتے ہیں، نسیم وکی
خوش قسمتی سے فائرنگ کے وقت نسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی نہیں ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اور ان کے اہلِ خانہ زیادہ تر وقت لاہور میں گزارتے ہیں جہاں وہ کاروباری مصروفیات میں مشغول ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ فائرنگ کی وجوہات اور ملزمان کی اصل شناخت کا تعین کیا جا سکے۔











