کراچی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں ہر سال 25 ستمبر کو “اخبار پڑھنے کا قومی دن” منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کے اس دور میں اخبارات کی اہمیت اور ان کے مؤثر کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ میاں خرم شہزاد مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان میڈیا کونسل، مرکزی عہدیداران و کراچی چیپٹر کے صدر محمد حسیب اور سیکرٹری جنرل ساجد احمد اور ممبران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اخبارات طویل عرصے سے عوام کو مستند، جامع اور تحقیقی خبریں فراہم کرنے کا سب سے معتبر ذریعہ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور غلط معلومات کے سیلاب کے باوجود آج بھی اخبارات اعتماد اور تحقیق کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ پی ایم سی کے مرکزی عہدیداران و کراچی چیپٹر کا کہنا ہے کہ اخبارات نے ہمیشہ عوامی رائے سازی، جمہوری اقدار کے فروغ اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسی تناظر میں “اخبار پڑھنے کا قومی دن” عوام کو یاد دلاتا ہے کہ معلومات کا مستند اور ذمہ دارانہ ذریعہ اب بھی اخبارات ہی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میڈیا کونسل عہدیداران اور ممبران نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے تیز رفتار دور میں بھی اخبار پڑھنے کو زندہ رکھنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ نہ صرف معلومات فراہم کرتا ہے بلکہ مطالعہ کی عادت اور تجزیاتی سوچ کو بھی پروان چڑھاتا ہے۔
