اسلا آباد(روشن پاکستان نیوز) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 5 وکٹوں سے فتح کے بعد اب سپر 4 مرحلے کی چاروں ٹیموں کے پاس فائنل میں پہنچنے کا موقع موجود ہے۔
سپر4 مرحلے کی ٹاپ 2 ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبرپر ہے جبکہ پاکستان 2 میچز میں ایک میں کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
بنگلادیش ایک میچ کھیل کر کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ سری لنکا مسلسل 2 میچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے۔
فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلا دیش، بھارت اور پاکستان کے معاملات اپنے ہاتھ میں ہیں، جبکہ سری لنکا کے امکانات اب صرف دعاؤں اور دوسرے میچوں کے نتائج پر منحصر ہیں۔
بنگلا دیش کیسے فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
بنگلا دیش نے سپر 4مرحلے کا آغاز سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر کیا اور 2 پوائنٹس حاصل کیے، ان کا نیٹ رن ریٹ 0.121 ہے۔
اگر بنگلادیش آج بھارت کو شکست دے دیتا ہے تو اس کے فائنل میں جانے کے امکانات مزید روشن ہو جائیں گے۔ تاہم، حتمی فیصلہ جمعہ کو سپر فور مرحلے کے آخری میچ( بھارت بمقابلہ سری لنکا) کے بعد نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھی ہو سکتا ہے۔
اگر بنگلادیش آج بھارت کے خلاف ہار جاتا ہے تو پھر جمعرات کو پاکستان کے خلاف میچ اس کے لیے ورچوئل سیمی فائنل ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم بھارت کے ساتھ فائنل میں جائے گی۔
بھارت کیسے فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
بھارت اب تک ایشیا کپ میں واحد ناقابلِ شکست ٹیم ہے اور سپر 4 مرحلے میں پاکستان کو بڑے مارجن سے شکست دینے کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہے۔
اس کا نیٹ رن ریٹ 0.689 ہے، جو سب سے زیادہ ہے۔
اگر بھارت آج بنگلا دیش کو شکست دیتا ہے تو وہ براہِ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا اور پھر فائنل میں پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ کے فاتح کا انتظار کرے گا۔
پاکستان کیسے فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
پاکستان نے سپر 4 مرحلے میں اپنے دوسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر ایونٹ میں واپسی کی ہے۔
اس وقت وہ 2 پوائنٹس اور 0.226 کےنیٹ رن ریٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے ۔
پاکستان چاہے گا کہ آج بھارت بنگلا دیش کو ہرا دے۔ اس کے بعد جمعرات کو پاکستان کو خود بنگلا دیش کے خلاف جیت حاصل کرنا ہوگی تاکہ وہ بھارت کے ساتھ 28 ستمبر کو فائنل کھیل سکے۔
سری لنکا کیسے فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
6 مرتبہ کا چیمپئن سری لنکا اس وقت ایشیا کپ میں سب سے مشکل پوزیشن میں ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کیخلاف میچ ، فخر زمان کو آئوٹ قرار دیئے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھ گئے
سری لنکا کے امکانات اس بات پر منحصر ہیں کہ بنگلا دیش، بھارت اور پاکستان دونوں کو بڑے مارجن سے ہرا دے۔ اس کے بعد سری لنکا کو اپنے آخری سپر فور میچ میں بھارت کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا ۔
اس صورت میں بھارت، پاکستان اور سری لنکا تینوں کے 2،2 پوائنٹس ہوں گے۔ جس کے بعد نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کافیصلہ ہوگا۔
تاہم، اگر بھارت نے آج بنگلا دیش کو ہرا دیا تو سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔