اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے انتباہ جاری کیا ہے کہ رواں ماہ ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے آخری ہفتے میں پاک-بھارت سرحدی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
FAO کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر معمولی بارشیں ٹڈی دل کے لیے موزوں حالات پیدا کر سکتی ہیں، خاص طور پر محدود پیمانے پر افزائش کا عمل اکتوبر میں جاری رہنے کا امکان ہے، جو نومبر میں ختم ہو جائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اکتوبر سے نومبر کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جس کی بڑی وجہ منفی انڈین اوشین ڈائپول (IOD) ہے۔ دسمبر اور جنوری میں بھی حالات خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، البتہ فروری اور مارچ میں جنوب مغربی پاکستان اور جنوب مشرقی ایران کے علاقوں میں معمول سے زیادہ یا معمول کے مطابق بارشیں متوقع ہیں، جو دوبارہ سے ٹڈی دل کی افزائش میں شدت کا باعث بن سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی ساحلِ صحارا، سوڈان اور عرب خطے میں بھی ستمبر کے آخر تک ٹڈی دل کی افزائش کے امکانات موجود ہیں، جو نومبر میں کم ہوں گے، مگر دسمبر سے مارچ کے دوران دوبارہ شدت پکڑ سکتے ہیں۔
FAO اور ورلڈ کلائمیٹ سروس کی جانب سے کی گئی موسمی پیش گوئیاں خاص طور پر ٹڈی دل کی بہار، گرمی اور سردیوں کی افزائشی جگہوں پر مبنی ہیں، جن کی بنیاد سب سیزنل ماڈلز پر رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ 140 خاندانوں میںفوڈ پیکجز تقسیم
ادارے نے متعلقہ حکام کو ممکنہ ٹڈی دل حملوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی سفارش کی ہے۔