مانیلہ(روشن پاکستان نیوز) طاقتور سمندری طوفان ’’راگاسا‘‘ فلپائن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔
طوفان کیساتھ چلنے والی 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی شدید ہواؤں نے گھروں کی چھتیں اڑا دیں اور درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے۔
حکام کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ ملک بھر میں اسکولز اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق طوفان اپنی سمت تبدیل کرتے ہوئے اب چین کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں حکام نے پہلے ہی ایمرجنسی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
صوبہ گوانگ ڈونگ میں سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ معطل کر دی گئی ہے جبکہ نشیبی اور ساحلی علاقوں سے تقریباً 4 لاکھ افراد کو انخلا کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: خانہ کعبہ کا محافظ پاکستان!اینکر منصور علی خان نےعوام کے دل جیت لئے، عوامی جذبات کا طوفان
ہانگ کانگ میں طوفان کی آمد سے قبل ایئرلائنز نے پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ دبئی کی اماراتی ایئرلائن نے بھی ہانگ کانگ کے لیے تین دن کیلئے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بارش اورتیزہواؤں کے باعث مزید نقصان کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری غیرضروری سفر سے اجتناب کریں اورحفاظتی ہدایات پرعمل کریں۔