اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو محسن نقوی اور سلمان آغا سے ہاتھ ملانا مہنگا پڑ گیا۔
بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار یادیو کو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی اور پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ ملانے پر غدار قرار دے دیا گیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل ہی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو توجہ کا مرکز بن گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جارحیت ہمیشہ میدان میں ہوتی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ جارحیت کے بغیر آپ یہ کھیل کھیل سکتے ہیں۔
سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ میں میدان میں اترنے کے لئے بہت پرجوش ہوں، کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کے اختتام پر سوریا کمار یادیو نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا سے مصافحہ کیا جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں سوریا کمار کو پی سی بی کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ہاتھ ملاتے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد سوریا کمار یادیو کو صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایکس پر ایک صارف نے کہا کہ بھارت کے کپتان کا پاکستانی وزیر داخلہ سے ہاتھ ملانا اور تصویریں بنوانا بے شرمی کی انتہا ہے، صارف نے مزید کہا کہ محسن نقوی کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، پاکستانی وزیر داخلہ نے بھارت کو آپریشن سندور کے دوران تباہ کرنے کا کہا تھا۔
مزید پڑھیں: سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک جلد کے کینسر کا شکار
راجیو نامی صارف نے اسے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوریا کمار یادیو نے پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہاتھ ملایا جنہوں نے حال ہی میں آپریشن سندور کے بعد بھارت کو دھمکی دی تھی، صارف نے کہا کہ پتہ نہیں یہ لوگ آئینے میں اپنے چہرے کیسے دیکھتے ہیں، وہ ہمارے معصوم لوگوں کو مارتے ہیں اور ہم ان سے ہاتھ ملا رہے ہیں، یہ شرمناک ہے۔
ایکس پر ایک اور صارف نے اپنے پیغام میں سوریا کمار یادیواور بھارتی کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ غداری دیس کبھی نہیں بھولے گا۔