جدہ (محمد عدیل) یوم الوطنی کی مناسبت سے 23 ستمبر 2025 کو ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ “6 اوورز ہنگامہ” کے عنوان سے منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس کی نظامت جہانگیر خان نے کی، جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈبلیو پی سی اے کے جنرل سیکریٹری سہیل احمد تھے۔ ان کے ساتھ ایگزیکٹیو ممبر کاشف مرزا اور انٹرنیشنل امپائر و ٹورنامنٹ کمیٹی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر اسامہ سعد بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ سعودی الیون کے چیئرمین سلمان الندوی کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے خطاب کرتے ہوئے نديم الندوی نے کہا کہ یہ منفرد طرز کا ایک روزہ ٹورنامنٹ ہے جو چھ اوورز کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ اس میں چار رنز کو چھ اور چھ رنز کو دس شمار کیا جائے گا، جبکہ وائٹ اور نو بال پر دو رنز ملیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فارمیٹ کا مقصد عوام میں دلچسپی کو بڑھانا ہے۔ ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جو میدان میں موجود رہ کر ٹیموں کا حوصلہ بڑھائیں گے، جن میں عبدالرزاق، سہیل تنویر، صہیب مقصود اور دیگر نام شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ ڈبلیو پی سی اے کے گراؤنڈز میں انہی کی نگرانی میں کھیلا جائے گا۔
نديم الندوی نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد دیارِ غیر میں پاکستانی کمیونٹی کو کرکٹ کے ذریعے تفریح فراہم کرنا ہے۔ ہم گزشتہ تیس برس سے سعودی عرب میں اس کھیل کی خدمت کر رہے ہیں اور اس ایونٹ سے مقامی سطح پر کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں اسپانسرز کی جانب سے مختلف انعامات بھی رکھے گئے ہیں، جبکہ فاتح ٹیم کو 30 ہزار ریال دیے جائیں گے۔ اسی طرح میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر شرکاء کے لیے بھی خصوصی انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ نديم الندوی کا کہنا تھا کہ یہ فارمیٹ بہترین بلے بازوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے اور یہی شائقین کی خواہش بھی ہے کہ زیادہ رنز کے کھیل دیکھنے کو ملیں۔