منگل,  09  ستمبر 2025ء
اسلام آباد میں پہلا اسمارٹ سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پہلا اسمارٹ سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق اسمارٹ سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسمارٹ اسلام آباد پروگرام کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے، پائلٹ پروجیکٹ کی لاگت 708.385 ملین روپے ہے، جس میں سے ابتدائی طور پر 250 ملین روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں کمانڈ سینٹر، سافٹ ویئر اور ٹرینڈ عملے کا انتظام کیا جائے گا، اس نظام کے ذریعے اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ، فضائی آلودگی کی نگرانی، پبلک ٹرانسپورٹ کا نظم اور ویسٹ مینجمنٹ کو سنبھالا جائے گا، اس کے لیے پورے شہر میں جدید سینسرز اور ڈیوائسز نصب کئے جائیں گے، جو ڈیٹا کو ریئل ٹائم میں کمانڈ سینٹر کو فراہم کریں گے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ مرکز مختلف محکموں کے افسران کو ایک چھت تلے اکٹھا کرے گا تاکہ سروسز کی فراہمی مزید بہتر ہو سکے اور شہر کی روزمرہ زندگی کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنایا جائے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایک اے آئی پر مبنی پلیٹ فارم تیار کرنا ہے، جو شہری زندگی کو زیادہ شفاف، محفوظ اور آسان بنا دے گا ، اور یہ منصوبہ نہ صرف اسلام آباد بلکہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کے لیے بھی ایک عملی مثال ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں: بلیو ایریا اسلام آباد میں نو سال بعد الیکشن، تاجر اتحاد گروپ کی قیادت میں شفاف انتخاب کا اعلان

مزید خبریں