منگل,  09  ستمبر 2025ء
اسلام آباد: صحافی طیب بلوچ پر حملے کے خلاف پی ایف یو جے کی احتجاجی کال، نیشنل پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کل ہوگا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ نے اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سینئر صحافی طیب بلوچ پر حملے کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آر آئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کے زیرِاہتمام پہلا احتجاجی مظاہرہ 9 ستمبر بروز منگل شام 4 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہوگا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے اس واقعے پر معذرت نہ کی، تو 10 ستمبر بروز بدھ کو راولپنڈی پریس کلب، لیاقت باغ کے باہر دوسرا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

مزید یہ کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے ان مظاہروں کے باوجود بھی کوئی معذرت یا مؤقف سامنے نہ آیا، تو صحافی تنظیمیں اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنا دینے کے علاوہ ملک گیر احتجاج کی کال دیں گی۔

واقعے کی تفصیلات:

یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب محترمہ علیمہ خان کی اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کے دوران سینئر صحافی طیب بلوچ نے سوال کیا، جس پر پی ٹی آئی کارکنان نے اُن پر شدید تشدد کیا۔ جب دیگر سینئر صحافی فیصل حکیم اور اعجاز احمد نے طیب بلوچ کو بچانے کی کوشش کی، تو انہیں بھی مارا پیٹا گیا۔

صحافتی قیادت کا مؤقف:

آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جڑواں شہروں کے تمام صحافیوں کو اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔ اگر ہم نے اس حملے کے خلاف مضبوط ردعمل نہ دیا تو سوال کرنے پر تشدد کا یہ خطرناک رجحان عام ہو جائے گا۔”

نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیّر علی نے واقعے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے تمام صحافیوں سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

صحافتی تنظیموں نے پی ٹی آئی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے پر فوری معذرت کرے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائے، تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں