اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پنجاب اسمبلی کی اقلیتی نشست کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے 5 امیدوار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی جانب سے خواتین کی نشستوں پر کامیاب خواتین کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی خواتین امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، پیپلز پارٹی نے 3، مسلم لیگ (ق) نے 2 اور استحکام پاکستان پارٹی نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کے لیے 66 اور اقلیتوں کے لیے 8 نشستیں مخصوص ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی 8 میں سے 5 اور خواتین کی 66 میں سے 42 نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیاہے۔الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے 6 اور ایم کیو ایم کے 2 ارکان منتخب ہوئے ہیں۔
خواتین کی 20 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے ارکان منتخب ہوئے، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے 6 اور جی ڈی اے کا ایک رکن منتخب ہوا۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 29 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد 9 ہے۔
سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی 9 میں سے 8 نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ خواتین کے لیے مخصوص 29 میں سے 27 نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی نے سندھ اسمبلی کے سیکریٹری کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ جب تک ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی جاتیں سندھ اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا جائے۔