پیر,  11  اگست 2025ء
اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 11 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں ایک خاتون سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 49.673 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 1 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں

فیض آباد بس اڈے کے قریب دو مسافروں سے 3 کلو چرس اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایئرپورٹس پر کارروائیاں

  • اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 378 گرام کوکین، 417 گرام آئس اور 84 گرام ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے 3.810 کلو آئس برآمد ہوئی جو کپڑوں میں جذب تھی۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے کارگو آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے برتنوں میں چھپائی گئی 1.154 کلو افیون برآمد ہوئی۔

  • چاندنی چوک، راولپنڈی میں کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب 12.160 کلو آئس برآمد کی گئی۔

دیگر مقامات پر کارروائیاں

  • والٹن روڈ لاہور کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار سے 6 کلو افیون اور 3 کلو چرس برآمد ہوئی۔

  • سبزی منڈی، اسلام آباد کے قریب ایک بس میں سوار خاتون سے 3.6 کلو چرس برآمد ہوئی۔

  • یونیورسٹی روڈ پشاور میں گاڑی سے 3 کلو آئس اور 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔

  • چمن موڑ، رنگ روڈ پشاور پر گاڑی سے 4 کلو ہیروئن برآمد ہوئی اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

  • حاجی کیمپ، پشاور میں گاڑی سے 1 کلو ہیروئن اور 570 گرام آئس کپڑوں میں جذب برآمد ہوئی۔

  • کوئٹہ میں یونیورسٹی کے قریب ایک گاڑی سے 5 کلو چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں