جمعه,  04 جولائی 2025ء
محرم الحرام: پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں امام بارگاہوں کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ

پشاور (روشن پاکستان نیوز) – محرم الحرام کے مقدس ایام کے آغاز کے ساتھ ہی خیبر پختونخوا بھر میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، خصوصاً پشاور کے مختلف تھانوں کی حدود میں واقع امام بارگاہوں کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں، اور مجالس کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تھانہ کوہاٹی، جو کہ پشاور کے مرکزی علاقوں میں سے ایک ہے، وہاں کئی بڑی امام بارگاہیں موجود ہیں جن کے اطراف میں خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر شخص کو باقاعدہ چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے اور حساس مقامات پر سپیشل برانچ کے اہلکار تعینات ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کی فوری اطلاع دیں۔ صوبائی حکومت نے بھی تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔

اس موقع پر والینٹیئر فورسز بھی پولیس کے شانہ بشانہ ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ سیکیورٹی کے اس خصوصی پلان کا مقصد شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ عوامی سطح پر بھی بھرپور تعاون دیکھنے میں آ رہا ہے اور شہری سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: محرم الحرام: حافظ آباد میں لنگر اور سبیلوں کے انتظامات کا سی ای او ہیلتھ کی زیر نگرانی معائنہ

مزید خبریں