اتوار,  20 اپریل 2025ء
کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عظمیٰ بخاری

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسند گروہ کسی نہ کسی شکل میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اور کچھ دن سے لوگوں کے کاروبار اور املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے نام پر لوگوں کے کاروبار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جبکہ ان فوڈ چینز میں 25 ہزار پاکستانی کام کرتے ہیں۔ فوڈ چینز پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے۔ لیکن کسی کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 14 مقدمات درج کر کے 149 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں 3 مقدمات درج کر کے 11 ملزمان اور شیخوپورہ میں ایک مقدمے میں 73 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شیخوپورہ کے پرتشدد واقعات میں ایک شخص جاں بحق بھی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 3 مقدمات میں 33 ملزمان، گوجرانوالہ میں ایک مقدمے میں 8 ملزمان اور ملتان میں ایک مقدمے میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ساہیوال کے ایک مقدمے میں 6 ملزمان، بہاولپور سے 7 اور رحیم یار خان سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی راولپنڈی میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی، اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت غزہ، لبنان کے معاملے پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جبکہ وزیر اعظم نے عالمی سطح پر فلسطین کا بھر پور مقدمہ لڑا ہے۔ حکومت پاکستان غزہ کے لیے امدادی سامان بھیج رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے لیے ایک نئی فورس ترتیب دی ہے۔ اور پراسیکیوشن کے محکمے کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ کریمینلز، بچوں اور خواتین کے حوالے سے مقدمات کو ترجیح بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ملزم کو رعایت نہیں ملنی چاہیے۔ کچے کے علاقے میں پولیس کا جدید ہتھیار دیئے گئے ہیں۔ اور نئی چوکیاں بنائی گئی ہیں۔ کچے میں ڈاکوؤں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

مزید خبریں