هفته,  23 نومبر 2024ء
آصف زرداری کو صدر پاکستان اور شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے پر اصولی اتفاق ہو گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان آصف زرداری کو صدر پاکستان اور شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا اصولی معاہدہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت کا پانچواں دور ہوا۔

اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی رہائش گاہ پر دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف تجاویز اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو صدر پاکستان اور شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے پر اصولی اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سپیکر قومی اسمبلی اور گورنر پنجاب کا عہدہ مانگ لیا ہے تاہم ن لیگ دونوں عہدے دینے کو تیار نہیں جب کہ سینیٹ چیئرمین ن لیگ کا ہو گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو کے پی میں گورنر شپ کی پیشکش کی جب کہ مسلم لیگ ن سے بلوچستان کا گورنر اور پیپلز پارٹی سے وزیراعلیٰ بلوچستان بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے بھی پنجاب میں چھ ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ مان لیا جب کہ پیپلز پارٹی نے بھی پنجاب میں مسلم لیگ ن کے برابر ترقیاتی فنڈز دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی وفاق اور پنجاب میں وزارتیں نہیں لے گی۔

مزید خبریں