اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر مارننگ شو ہوسٹ فضا علی کا ایک کلپ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اپنے پروگرام میں ساتھی خاتون کے ساتھ میاں بیوی کے درمیان ازدواجی تعلقات پر بے ہودہ گفتگو کر رہی ہیں۔ فضا علی نے کہا کہ “آج موڈ نہیں، میاں بیوی کے درمیان ازدواجی تعلق پر بات ہو رہی ہے”، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے مارننگ شو میں اسلامی موضوعات اور معلوماتی پروگرامز پیش کیے جاتے تھے، لیکن اب فحاشی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ “یہ اسلامی ملک ہے اور یہاں اسلامی کلچر کا احترام ہونا چاہیے، نہ کہ قومی چینلز پر ایسی گفتگو جو گھر کے ماحول سے متعلق ہو اور بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات ڈالے”۔
صارفین نے یہ بھی کہا کہ “گھروں کی پرائیویٹ باتیں اب قومی چینلز پر دکھانا افسوسناک ہے، اور پیمرا کو ایسے پروگرامز پر فوری ایکشن لینا چاہیے تاکہ معاشرتی بے ہودگی اور فحاشی کو روکا جا سکے”۔ کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ “جو لوگ اپنے گھروں میں کامیاب نہیں ہوتے، وہ ٹی وی چینلز پر آ کر دوسروں کو ازدواجی زندگی کے بارے میں نصیحتیں دے رہے ہیں”۔
مارننگ شوز میں اس طرح کے مواد کی بڑھتی ہوئی تعداد نے عوام میں اضطراب پیدا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اکثر کہا جا رہا ہے کہ گزشتہ پانچ چھ سالوں میں اس قسم کا بے ہودہ مواد سامنے آ رہا ہے، جو اس سے قبل کبھی نہیں تھا۔ یہ تبدیلی یقینی طور پر پاکستانی معاشرتی اقدار سے متصادم ہے، اور یہ سوال اٹھا رہا ہے کہ کیا اس قسم کا مواد عوامی پلیٹ فارمز پر پیش کرنا مناسب ہے؟
مزید پڑھیں: اسلام آباد ایف نائن پارک میں خواتین پر تشدد کا واقعہ: کیا اسلامی معاشرہ ایسے اقدامات کی اجازت دیتا ہے؟
اس موقع پر، سوشل میڈیا صارفین نے پیمرا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قسم کے مواد پر نظر رکھے اور مناسب اقدامات کرے تاکہ پاکستان کے قومی ٹی وی چینلز پر ایسے موضوعات کی اجازت نہ ہو جو معاشرتی لحاظ سے غیر مناسب ہوں۔