جمعرات,  06 فروری 2025ء
اسلام آباد ویمن چیمبر کا عید گالہ، خواتین کو بااختیار بنانے کا منفرد اقدام

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے مقصد کے تحت، اسلام آباد میں 8 اور 9 فروری کو ایک رنگا رنگ عید گالہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں ایک سو سے زیادہ کاروباری ادارے اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

یہ شاندار تقریب سیکٹر بی 17 میں واقع ملٹی گارڈنز میں منعقد ہو گی، جہاں فیشن، کھانے پینے، میوزک، دستکاری، کاسمیٹکس، جیولری، اور گھریلو سجاوٹ سے متعلق کاروباری خواتین اپنے اسٹالز لگائیں گی۔ ثمینہ فاضل نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد کاروباری خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنا ہے۔

ثمینہ فاضل نے مزید کہا کہ اس گالہ میں جڑواں شہروں کے علاوہ واہ کینٹ، حسن ابدال اور دیگر علاقوں سے بھی لوگ شرکت کریں گے۔ اس دوران رنگا رنگ جشن، بچوں کی تفریح اور مختلف سرگرمیاں بھی ہوں گی، جن میں میجک شو اور مہندی کے اسٹالز شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: شام میں کار بم دھماکا ، 14 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب سب کے لیے ہے اور ہم اپنی خوشیوں میں ہر ایک کو شامل کرنا پسند کرتے ہیں۔ اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں لوگ خریداری کے ساتھ ساتھ تفریح بھی کر سکیں۔

اسلام آباد ویمن چیمبر کی یہ تقریب خواتین کے کاروباری کردار کو اجاگر کرنے اور ان کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

مزید خبریں