لندن(صبیح ذونیر)سعودی حکومت کی جانب سے جعلی پاکستانی پاسپورٹ اسلام آباد کے حوالے کیے جانے کے بعد برطانوی حکام نے بھی 61 مشکوک پاسپورٹ پاکستانی حکام کو واپس کر دیے ۔
وفاقی حکومت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کردی۔
ذرائع نےبتایاکہ مذکورہ شہری اپنے پاکستانی امیگریشن ڈیٹا میں ردوبدل کے بعد جعلی پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے برطانیہ پہنچے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تمام جعلی پاسپورٹ امیگریشن اور پاسپورٹ اتھارٹیز کے حوالے کیے گئے ۔
برطانیہ کی طرف سے فراہم کردہ پاسپورٹ کے لیمینیشن پیپرز اور ڈیٹا پیپرز جعلی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فراہم کردہ پاسپورٹ پاکستان پاسپورٹ اور امیگریشن پرنٹنگ پریس میں پرنٹ نہیں ہوتے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پاسپورٹ کہاں سے چھاپے گئے اور سہولت کار کون ہیں اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاسپورٹ میں امیگریشن، نام اور والدین کا ڈیٹا بھی غلط درج کیا گیا تھا۔ جعلی پاسپورٹ میں مختلف لوگوں کے فیملی ٹری کو بھی غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا۔
ایف آئی اے نے اس سے قبل جعلی پاسپورٹ بنانے پر نادرا اور پاسپورٹ حکام کے خلاف بھی کارروائی کی تھی۔