پشاور(روشن پاکستان نیوز) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں طلبا یونین بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن جنگ کا وقت قریب ہے، ہمیں جنگ کے لیے مجبور نہ کیا جائے، اس ملک کی پہچان نوجوانوں سے ہے۔
گورنمنٹ کالج پشاور میں سولرائزیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں ہم نوجوانوں کی فلاح کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان میں آئین کی پاسداری اور قانون کی عمل داری چاہتے ہیں۔
طلبا ہمارے ملک کا حصہ ہیں، نوجوان فیصلہ کن جنگ کے لیے نکلیں، اگر ہم واپس نہیں آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لیں‘۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے اپنے فیصلے خود کرنے ہیں، اس کے لیے حقیقی آزادی ضروری ہے۔ خوشی ہے کہ آپ لوگوں کے درمیان ہوں، ہر شعبے کے اندر بھاگ دوڑ آپ نوجوان سنبھالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، صوبے میں بہت جلد سرمایہ کاری بحال کریں گے، محنت کرنی چاہیے کیونکہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سپورٹرز کاشیر افضل مروت کے ساتھ بھرپوریکجہتی کااعلان
ان کا کہنا تھا کہ ہرشعبے کی بھاگ دوڑ طلبہ نے سنبھالنی ہے، نوجوانوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرف لے جانا ہے، خیبرپختونخوا میں جلد طلبہ یونین بحال کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ویژن ریاست مدینہ ہے، سوچ تب بڑی ہوگی جب آپ گھبرائیں گے نہیں۔ خون کا رنگ لال ہے اور لال رنگ انقلاب کی نشانی ہے۔