بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
 پرنٹ اینڈ الیکٹرانک جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا اجلاس: راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کی ممبرشپ جاری رکھنے کا فیصلہ

 

**اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پرنٹ اینڈ الیکٹرانک جرنلسٹس ایسوسی ایشن (پیجا) کی گورننگ باڈی کا اجلاس نیشنل پریس کلب میں چیئرمین ناصر خان خٹک کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد کے نئے صحافیوں کی شمولیت پر بات چیت کی گئی، جن میں قاسم جمشید، رضا غزنوی، اشعر آزاد اور شاہ رخ شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران پیجا کے عہدیداران نے نئے ممبران کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین ناصر خان خٹک نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کی پیجا میں شمولیت کی خواہش ہے، لہذا ہمیں ممبرشپ جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں تنقید کا سامنا ہے تو اس کا جواب اپنے کام سے دینا چاہیے۔

اجلاس میں صدر ساجد خان، جنرل سیکرٹری راجہ طاہر محمود، فنانس سیکرٹری روبینہ شاہین اور دیگر عہدیداران نے ممبران کو قانونی، پولیس، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صدر ساجد خان کی تجویز پر، سینئر صحافیوں اور مختلف شعبوں میں نمایاں شخصیات کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

جنرل سیکرٹری راجہ طاہر محمود نے تنظیم کے ماضی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم اپنے کام پر توجہ مرکوز کریں۔ فنانس سیکرٹری روبینہ شاہین نے خواتین صحافیوں کے مسائل پر توجہ دینے کا عزم کیا۔

اجلاس میں حال ہی میں وفات پانے والے صحافیوں کی یاد میں دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اس موقع پر تمام عہدیداران نے خدمات کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں