اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی حمایت کر دی۔
چیئرمین سینٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے آپس میں مذاکرات ہونے چاہئیں، وزیراعظم شہباز شریف کو سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کی سربراہی کرنی چاہیے۔ آپ کسی لیڈر سے اختلاف کر سکتے ہیں پاکستان سے نہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوئی فیصلہ کریں گے تو نیشنل سکیورٹی اور قومی معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے، ون پوائنٹ ایجنڈے پر ملک کی سکیورٹی اور تحفظ کیلئے تمام جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔
یوسف گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات کیے ہیں، ہم نے اپوزیشن میں نوازشریف سے بات کی اور چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے۔ س وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، انہیں فیصلے کرنے چاہئیں اور آگے بڑھنا چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، پاکستان ہے تو آپ کی عزت ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے پرانی وابستگی ہے، وہ زیرک سیاستدان ہیں، ہم چاہتے ہیں مل کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی بطور چانسلر نامزدگی کیخلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں درخواست دائر
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان کسی سے لڑنا نہیں چاہتا مگرپاکستان پر کسی قسم کا حملہ ہوا تو قوم مل کر جواب دے گی۔