اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کے خلاف نئی سازش کی گئی، ایسے منفی عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، کسی کو کسی کے قتل کے فتویٰ کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حوالے سے شرانگیز گفتگو کی گئی ہے، کچھ لوگ بیرونی دنیا کے منفی مفادات کے ایجنڈے پر ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ریاست کسی کو کسی کے قتل کے فتویٰ کی اجازت نہیں دے گی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کافی عرصے سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کے خلاف یہ ایک نئی سازش ہے، ایسے منفی عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کی ایک طاقتورآواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ ایک ایسی آواز ہے جو حق اور سچ کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہے، سپریم کورٹ اس معاملے پر واضح بیان دے چکی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا بدستور جاری ہے، چیف جسٹس پاکستان کا ایسے فیصلے یا بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، کچھ لوگوں کے سیاسی مفادات اس مسئلے سے وابستہ ہیں، ریاست میں ایک سسٹم ہوتا ہے، آپ بے بنیاد الزامات نہیں لگا سکتے، ہم سب مسلمان ہیں،ختم نبوت ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔