ریاض (روشن پاکستان نیوز)سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حج پر آنے والے ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے مقررہ وقت پر وطن واپس چلے جائیں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حج ویزے پر آنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں،ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد مملکت میں قیام کرنا غیرقانونی عمل شمار کیا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید وضاحت کی گئی کہ حج ویزا مخصوص ایام کے لیے ہی جاری کیا جاتا ہے۔ مدت ختم ہونے کے بعد ہر وہ شخص جو حج ویزے پر مملکت میں پایا جائے گا غیرقانونی شمار کیا جاتا ہے جو قید اور جرمانے کی سزا کا مستحق ہوگا۔یاد رہے حج یا عمرہ ویزے پر آنے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مقررہ وقت کے اندر مملکت سے روانہ ہو، ایسے افراد کو قیام کی سہولت فراہم کرنے والے بھی قانون شکنی کے زمرے میں آئیں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے دنیا بھر کے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی ان کا کہنا ہے کہ بہت جلد ٹورسٹ ویزوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔اس حوالے سے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ٹورسٹ ویزوں کا اجراء اگلے مہینے سے کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس کی پہلی ششماہی میں 60 ملین کے قریب سیاح مملکت آئے جنہوں نے 150 ارب ریال کے قریب خرچ کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ قومی معاشی پیداوار میں سیاحتی شعبہ کا 3 فیصد حصہ ہے جبکہ سال 2019 میں عالمی سطح پراس کا تناسب 10 فیصد تھا۔سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، اس وقت ہمارے پاس تربیت یافتہ نوجوان موجود ہیں جو اس شعبے کی ترقی کیلئے تندہی سے مصروف عمل ہیں۔