لاہور (روشن پاکستان نیوز)لاہور پولیس نے 9 مئی کے کیسز میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا جبکہ بانی پی ٹی آئی نے پنجاب فارنزک ٹیم کے ماہرین کو 3 ٹیسٹس دینے سے انکار کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا اور کہا کہ پولیس پر اعتبار نہیں ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تفتیشی افسر نے کہا آپ تعاون کریں، ہم آپ کے ساتھ انصاف کریں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی جاوید آصف کی یقین دہانی پر بانی پی ٹی آئی نے 15 منٹ تک سوالات کے جوابات دیے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تفتیش کے دوران بانی پی ٹی آئی کا پنجاب فارنزک ٹیم کے ماہرین کو 3 ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں، فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراؤں گا۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مختلف ٹیسٹ کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایف ایس اے کی ٹیم نے پولی گرافک، وائس میچنگ اور فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کرنے تھے۔