بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
پی ٹی آئی پر پابندی جمہوری اصولوں کیخلاف قرار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سی ای سی کے رکن رضا ربانی نے تحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدام سے سیاسی افرا تفری بڑھے گی جبکہ معیشت تباہ ہوگی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور رکن سی ای سی رضا ربانی نے حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی جمہوری اصولوں کے خلاف ہے، ایسے اقدام سے سیاسی افرا تفری بڑھے گی اور معیشت تباہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی بات جمہوریت کے تمام اصولوں کے خلاف ہے، حکومت کو ایسے قدم اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کی تاریخ میں سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا اور تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکا گیا۔
مزید پڑھیں: سیاسی قوتوں کیخلاف طاقت کے استعمال سے انتشار مزید بڑھے گا، فضل الرحمان

رضا ربانی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدام معاشی اور سیاسی انتشار پورے جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کا ایک نسخہ ہو سکتا ہے، اس فیصلے کا اثر وفاق پر پڑے گا، حکومت اگر فل کورٹ کے فیصلے سے ناراض ہے، تو آئینی طریقے پر عمل کرے اور نظرثانی کی درخواست دائر کرے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی اور غداری کے مقدمے کی بات فضول ہے، حکومت جو بحران پیدا کررہی ہے اُسے سے جموریت اور ریاست پائیدار نہیں رہے گی۔

مزید خبریں