اتوار,  24 نومبر 2024ء
سابق ٹیسٹ کرکٹرخالد عباد اللہ 88 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے

کراچی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر خالد عباد اللہ 88 برس کی عمر میں نیوزی لینڈ میں انتقال کر گئے۔

20 دسمبر 1935 کو لاہور میں پیدا ہونے والے خالد عباد اللہ نے چار ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، انگلینڈ میں کرکٹ کے حلقوں میں بلی کے نام سے معروف خالد عباد اللہ طویل عرصہ تک انگلینڈ کی کاونٹی واروکشائر سے وابستہ رہے۔

1964 میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے خالد عباد اللہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سینچری بنائی، خالد عباد اللہ کی واحد ٹیسٹ سینچری کے 166 رنز ان کا سب سے بہترین اسکور بھی رہا۔
1967 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں اپنا چوتھا اور آخری ٹیسٹ کھیلنے والے خالد عباد اللہ نے 8 اننگز میں مجموعی طور پر 553 رنز جوڑے، انہوں نے ٹیسٹ میں واحد وکٹ بھی اپنے نام کی۔

فروری 1952 میں لاہور میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے کے بعد خالد عباد اللہ نے 1954 میں ایجبسٹن میں پلیئنگ اسٹاف میں شمولیت اختیار کی جس نے 1957 میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کا آغاز کیا۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر حصہ واروکشائر کے ساتھ گزارا اور 377 میچز میں 26.32 کی اوسط سے 14,766 فرسٹ کلاس رنز بنائے جس میں 17 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

خالد عباداللہ نے اپنی آف بریک بولنگ سے418 وکٹیں بھی حاصل کیں، انہوں نے وارکشائر کی جانب سےنارمن ہورنر کے ساتھ مل کر 1960 میں اوول میں سرے کے خلاف 377 رنز کی کاؤنٹی کی پہلی وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید خبریں