اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)جانور پر تشدد کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ پنجاب کے شہر وزیرآباد کے گاؤں میں گدھی پر بدترین تشدد کیا گیا۔
ظالم زمیندار نے کھیتوں میں داخل ہونے پر گدھی پر تشدد کیا، اس کے کان کاٹ دیئے اور ٹانگوں پر درانتی سے حملہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق زمیندار اویس گجر کے تشدد سے گدھی کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جانور کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے، رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد کارروئی ہوگی۔
واضح رہے کہ ملک میں اس سے قبل بھی جانوروں پر تشدد کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ چند ہفتوں قبل سانگھڑ میں مقامی وڈیرے نے ایک اونٹنی کے کھیت میں جانے پر کلہاڑی کے وار سے ٹانگ کاٹ دی تھی۔
پھر دو روز بعد ہی حیدرآباد میں بھی بے زبان گدھے پر بہیمانہ تشدد کے بعد اس کی ٹانگ کاٹ دی گئی تھی۔ جب کہ اس کے چند روز بعد راولپنڈی میں جانورکے کھیت میں جانے پراعضا کاٹنے کا ایک اورواقعہ منظر عام پرآیا تھا۔ جہاں روات کے علاقہ میں ظالم شخص نے گدھی کے دونوں کان کاٹ ڈالے تھے۔