جمعرات,  02 جنوری 2025ء
والد نے گوری سے دوسری شادی کرنے کا مشورہ دیا ہے، میکال ذوالفقار

لاہور(شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے کہا ہے کہ اُن کے والد اُنہیں کسی گوری سے دوسری شادی کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ حال ہی میں میکال ذوالفقار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’زبردست وصی شاہ کے ساتھ‘‘ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے دوسری شادی کرنے سے متعلق بات کی۔

دورانِ پروگرام میزبان وصی شاہ نے میکال ذوالفقار سے پوچھا کہ کیا وہ دوسری شادی مشرقی لڑکی سے کرنا پسند کریں گے یا پھر مغربی لڑکی سے؟ اس سوال کے جواب میں میکال ذوالفقار نے کہا کہ “میرے والد اکثر مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ میں کسی غیر ملکی خاتون سے شادی کروں، والد صاحب اکثر مجھے کہتے ہیں کہ جو میں نے کیا تم بھی وہی کرو اور غیر ملکی خاتون سے شادی کرو”۔

میکال ذوالفقار نے کہا کہ “مجھے پاکستانی خاتون سے شادی کرنے کا تجربہ ہے، اسی لیے اب والد صاحب کہتے ہیں کہ اس بار شادی کسی گوری سے کرنا”۔ اداکار نے مزید کہا کہ “سچ پوچھیں تو، میں دوبارہ شادی کرنے کے بارے میں نہیں سوچتا کیونکہ میرے دو بچے ہیں اور میں سکون سے اپنی زندگی گزار رہا ہوں، میں اسی طرح جینا چاہتا ہوں”۔

واضح رہے کہ میکال ذوالفقار اور سارہ بھٹی نے 2010 میں شادی کی تھی اور ان دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی جس کا اعلان اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر کی گئی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔ میکال ذوالفقار نے اپنے فیس پک پیج پر اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے انتہائی دکھ سے یہ بات بتانا پڑرہی ہے کہ بدقسمتی سے میری 6 سالہ شادی کا اختتام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم طویل عرصے سے علیحدہ رہ رہے تھے اوراس دوران معاملات سلجھانے کی کافی کوششیں کی گئیں جس کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

مزید خبریں